شعیب اختر کی اپنے طویل آپریشن کے حوالے سے دعاؤں کی اپیل

راولپنڈی: راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے معروف پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بولر شعیب اختر کو گُھٹنے کے آپریشن (Partial knee replacement surgery) کے لیے اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔
اسپتال کے بیڈ سے شعیب اختر نے ایک ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی اور مطلع کیا کہ ان کا 8 گھنٹے طویل آپریشن ہوگا، جس کے لیے انہیں دعاؤں کی سخت ضرورت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے یہ میری آخری سرجری ہوگی، اس سے قبل میرے گھٹنے کے پانچ آپریشن ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک بات کہنا چاہوں گا کہ میں نے پاکستان کے لیے بولر کے طور پر کھیلا جس پر مجھے فخر ہے لیکن یہ سرجری کروانی پڑے گی اور مجھے مکمل صحت یاب ہونے اور درد ختم ہونے میں دو سے تین ہفتے درکار ہوں گے۔
شعیب اختر نے تمام مداحوں سے خصوصی طور پر دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ شعیب اختر کے گھٹنوں کے ٹشوز اور ہڈیاں متاثر ہوئی ہیں جس کے بارے میں وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر آگاہ کرتے رہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔