شعیب اختر نے ڈاکٹر نعمان کو معاف کردیا

راولپنڈی: راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے معروف سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے سرکاری ٹی وی پر پیش آنے والے واقعے پر ڈاکٹر نعمان نیاز کو معاف کردیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ انہوں نے قوم اور اداروں کی عزت کے لیے ڈاکٹر نعمان نیاز کو معاف کردیا ہے۔
چند روز قبل سرکاری ٹی وی پر شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان غیر ملکی کرکٹرز کی موجودگی میں تلخ کلامی ہوئی تھی، ڈاکٹر نعمان نیاز نے کرکٹر کو آن ایئر پروگرام سے جانے کا کہا، جس پر شعیب اختر نے پروگرام سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ انہوں نے سرکاری ٹی وی سے استعفیٰ اس لیے دیا کہ آئندہ کسی اسٹار کو ایسا نہ سننا پڑے، کیوں کہ قومی اسٹار کو قومی ٹی وی پر اس طرح نہیں کہا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے دل میں کسی کے لیے نفرت نہیں رکھ سکتے، اس واقعے کے دن بھی ایک گھنٹے کا وقت دیا کہ کوئی ان سے معافی مانگ لے اور وہ ختم کردیں، لیکن ایسا نہیں ہوا۔
علاوہ ازیں ڈاکٹر نعمان نیاز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پروگرام میں آن ائیر جو مجھ سے ہوا اس پر جتنا ردعمل آیا وہ بالکل جائز تھا، وجہ جو بھی تھی آن ایئر یہ سب کرنے کا مجھے حق نہیں تھا، میری غلطی تھی میں اپنی غلطی پر ایک بار نہیں ہزاروں بار معافی مانگتا ہوں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔