شیرنی کے درخت کو گلے لگانے کی تصویر سب کو بھاگئی!
لندن: اس برس کا وائلڈ لائف فوٹوگرافر کا ایوارڈ ایک ایسی تصویر کو دیا گیا ہے جو خفیہ کیمرے کے ذریعے بنی اور جس میں شیرنی کو درخت کو گلے لگائے دیکھا جاسکتا ہے۔
روسی جنگلات میں قائم ’لیوپارڈ نیشنل پارک‘ کے ایک علاقے میں وائلڈ لائف فوٹوگرافر نے خفیہ کیمرہ نصب کیا جس کے سامنے سے شیر کے گزرنے پر خودکار طور پر تصاویر بننا شروع ہوجاتی ہیں۔ اس کیمرے نے ایک ایسے لمحے کو محفوظ کرلیا جسے انسانی آنکھ نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔
اس کیمرے میں محفوظ ایک تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شیرنی کھڑے ہو کر ایک درخت کو ایسے بھینچے ہوئی ہے جیسے کسی کا شکریہ ادا کرنے کے لیے گلے لگایا جاتا ہے۔ یہ پہلی نظر میں کسی زرخیز مصور کی دل آویز تخیل کی آئل پینٹنگ محسوس ہوتی ہے۔
اس تصویر کو دنیا بھر میں پذیرائی حاصل ہوئی اور فوٹوگرافر سرگے گورشکوف کو سال کا بہترین وائلڈ لائف فوٹو گرافر کے ایوارڈ سے نوازا گیا، جس کا اعلان شہزادی کیتھرین مڈلٹن، ٹی وی کے پروڈیوسر کرس پیکہم اور میگن میک کیبن نے لندن کے نیچرل ہسٹری میوزیم کے زیر اہتمام ایک آن لائن پروگرام میں کیا۔