وزیراعظم غریب کیلیے درد رکھتے، انہیں براہ راست سبسڈی دیں گے: وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ پٹرولیم لیوی کم ہوکر دو، ڈھائی روپے پر آگئی، پٹرول کی قیمت کم بڑھانے سے 2 ارب کا نقصان ہوا، پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں خطے کے مقابلے میں کم ہیں، کورونا کی صورت حال نے پاکستان کو متاثر کیا، غریب کو سبسڈی دیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں بہت زیادہ مہنگائی ہوگئی ہے، برطانیہ میں قیمتیں 31 فیصد بڑھی ہیں، خطے کے مقابلے میں پٹرول کی قیمتیں یہاں کم ہیں، دنیا میں کورونا کی وجہ سے ہمیں بھی نقصان ہوا، زراعت کے شعبے میں غفلت کا نتیجہ بھگت رہے ہیں، گندم، چینی، دالیں، گھی درآمد کررہے ہیں، حکومت کو نقصان ہورہا ہے لیکن فیصلہ کیا ہے چینی 90 روپے کلو بیچیں گے۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس میں چھوٹ دے کر گھی سستا کریں گے، پاکستان کا وزیراعظم غریب کے لیے درد رکھتا ہے، غریب طبقے کو براہ راست سبسڈی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آڑھتی یا مڈل مین بہت زیادہ کمائی کرتا ہے، لوگ من مانی قیمتیں لے رہے ہیں، کوشش ہے پرائس مجسٹریٹ کو بحال کیا جائے، پاکستان کی معیشت ترقی کرنا شروع ہوگئی ہے، معیشت 5 فیصد سے زیادہ ترقی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم غریب پر کم سے کم بوجھ ڈالنا چاہتے ہیں، ہر خاندان کو اپنے گھر کے لیے 15 سے 20 لاکھ تک رقم دی جائے گی، گھر بنانے کے لیے 2 فیصد پر قرض دے رہے ہیں، پنجاب سمیت پورے ملک میں ہر گھرانے کو صحت کارڈ دیا جائے گا، ہر گھرانے کے ایک فرد کو ٹیکنیکل ٹریننگ دیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔