وزیر خزانہ شوکت ترین کو مشیر بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: مرکزی حکومت نے وزیر خزانہ شوکت ترین کو مشیر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی بطور وفاقی وزیر مدت آج ختم ہوجائے گی، حکومت نے شوکت ترین کو مشیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، شوکت ترین بطور مشیر خزانہ ذمے داریاں جاری رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان جلد شوکت ترین کی بطور مشیر تعیناتی کی منظوری دیں گے، اسحاق ڈار کی نشست پر الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق نہ ہونے کی وجہ سے شوکت ترین سینیٹر نہ بن سکے۔ وفاقی حکومت نے اسحاق ڈار کی نشست پر سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
خیال رہے کہ شوکت ترین کو 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر بنایا گیا تھا، آئین کے مطابق 6 ماہ کے دوران رکن پارلیمنٹ نہ بننے کی صورت میں عہدہ چھوڑنا لازم ہے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ وفاقی حکومت نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق سینیٹر منتخب ہونے کے بعد شوکت ترین کو پھر وفاقی وزیر بنادیا جائے گا، ضرورت پڑنے پر حماد اظہر کو دوبارہ وفاقی وزیر کا عارضی عہدہ دیا جاسکتا ہے، 16 اکتوبر کو شوکت ترین سے وفاقی وزیر کا عہدہ واپس وزیراعظم کے پاس چلا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شوکت ترین مشیر بننے کے بعد مختلف اہم کمیٹیوں کی سربراہی بھی نہیں کرسکیں گے، ای سی سی سمیت دیگر کابینہ کمیٹیوں کی صدارت کے بھی اہل نہیں رہیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔