شرمین عبید حلیمہ سلطان کو پشاور زلمی کا ایمبیسیڈر بنانے پر ناخوش!

کراچی: شہرہ آفاق ترکش ڈرامہ سیریل ‘ارطغرل غازی’ کے بعد ترک اداکاروں کی پاکستان میں مقبولیت میں بے حد اضافہ نظر آیا۔
اس کے بعد انہیں یہاں کام بھی ملنا شروع ہوگیا، جس کے خلاف متعدد پاکستانی فن کاروں نے آواز بھی اٹھائی۔
پچھلے سال پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں ترک اداکارہ اسرا بیلگیج کو پشاور زلمی کا برانڈ ایمبیسیڈر چنا ہے۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پر جہاں متعدد صارفین کی جانب سے اس فیصلے کو پسند کیا گیا، وہیں کچھ لوگ اس سے ناخوش بھی نظر آئے۔
اب آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ساز و ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے نے بھی ‘حلیمہ سلطان’ کو پشاور زلمی کا ایمبیسیڈر بنانے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
شرمین عبید چنائے نے کہا کہ ‘مجھے یہ بہت مزاحیہ لگا کہ ایک ترک اداکارہ جن کا ملک کھیل ہی نہیں کھیلتا، وہ کرکٹ کے لیے ایمبیسیڈر بنی ہے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘پاکستانی اداکاراؤں کے ساتھ کیا ہے؟ کیا یہ سب غائب ہوگئی ہیں جو ہمیں غیر ملکی اداکاراؤں کی طرف جانا پڑا ہے؟’
فلم ساز نے مزید کہا کہ ‘اگر ہم اسی طرح ترک اداکاراؤں کو کام دیتے رہیں جو پاکستانی اداکارائیں کرسکتی ہیں تو ہماری انڈسٹری میں اب جو کچھ بھی باقی رہ گیا ہے وہ سب ختم ہوجائے گا’۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔