اپوزیشن انتخابات سے قبل انارکی پھیلاکر اپنے لیے گڑھا کھودے گی، شیخ رشید

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک کے مطالبے پر فرانسیسی سفیر کو ملک سے نہیں نکال سکتے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید کا پولیس پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہاپوزیشن گزشتہ 3 سال سے احتجاج کررہی اور اب جمعہ جمعہ کھیل رہی ہے، کل ان کا پہلا احتجاجی مظاہرہ تھا اور اس بات کی خوشی ہے کہ پی ڈی ایم نے میرے شہر کا انتخاب کیا، انہیں کہتا ہوں کہ بڑے شوق سے احتجاج کریں اور قانون کو ہاتھ میں نہ لیں تو کوئی مسئلہ بھی نہیں ہوگا، اپوزیشن اگر انتخابات سے قبل انارکی پھیلائے گی تو خود اپنے لئے گڑھا کھودے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جمہوری سیاسی آزادی ہے، ختم نبوت کا مجھ سے بڑا کوئی سپاہی نہیں، کالعدم تحریک لبیک کے مطالبے پر فرانسیسی سفیر کو ملک سے نہیں نکال سکتے، فرانسیسی سفیر کو نکالنے کا مطلب ہے کہ ہم یورپی یونین سے باہر ہوجائیں گے، ٹی ایل پی ہو یا پی ڈی ایم، قانون کو ہاتھ میں نہ لیا تو کچھ نہیں کریں گے،اور اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔ملک کو اس وقت فیٹف، سمیت دیگر مسائل لاحق ہیں، تمام مسائل پر قابو پائیں گے، کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ عمران خان کی مسائل پر نظر نہیں، تو یہ بالکل غلط ہےعمران خان کی تمام صورت حال پر نظر ہے، کوشش یہی ہے کہ اپنے مقاصد کو ہم حاصل کریں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انتخابات آتے ہی بہت سے نئے اتحاد سامنے آئیں گے، ن لیگ دو حصوں میں تقسیم ہے اور الیکشن سے پہلے تیسری ن لیگ بھی وجود میں آنے کی توقع ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔