نواز شریف بدنصیب انسان، اپنی جعلی رپورٹیں بنارہے ہیں: شیخ رشید

اسلام آباد: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف بدنصیب انسان ہیں جو اپنی جعلی رپورٹیں بنارہے ہیں اور باہر رہنا چاہتے ہیں، دنیا میں کوئی ایسا لیڈر نہیں جو اپنے ملک سے بھاگے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف کی رپورٹ ڈسکس ہورہی ہے، نواز شریف بدنصیب انسان جو اپنی جعلی رپورٹیں بنارہے ہیں، اور انہی جعلی رپورٹس کی بنیاد پر باہر رہنا چاہتے ہیں، وہ لوگوں کو بیماری سے دھوکا دینا چاہتے ہیں، دنیا میں کوئی ایسا لیڈر نہیں جو اپنے ملک سے بھاگے، یہ کہتے ہیں کہ ان کا علاج کورونا کی وجہ سے نہیں ہوا، لیکن احتجاج کے لیے لوگوں کو باہر بلارہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن بڑے شوق سے اپنا شوق پورا کرے، اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں ان کے پلگوں میں کچرا پھنسا ہے، اور ان کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں،عمران خان کی خوش نصیبی ہے کہ اسے تھکی ہوئی اپوزیشن ملی ہے، مولانا فضل الرحمان کو مارچ کا زیادہ شوق ہے، مولانا تو عمران خان کو اشرف غنی سے ملاتے ہیں اور طالبان خان بھی کہلایا، جب کہ عمران خان نے افغانستان کے لیے اہم کردار ادا کیا عمران خان وہ واحد آدمی ہے جو افغانستان میں ہونے والے معاملات پر آواز اٹھا رہا ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ کوئی صدارتی نظام نہیں آرہا، نہ کوئی ایمرجنسی لگ رہی ہے اور نہ ہی کوئی عدم اعتماد کی تحریک آرہی ہے، اور نہ ہی کوئی ڈیل ہو رہی ہے اور نہ ہی ڈھیل دی جارہی ہے، ساڑھے تین سال میں کوئی ایسا بل نہیں ہے جو حکومت نہ جیتی ہو، میں اس وزارت میں بہت خوش ہوں۔ اور کسی دوسری وزارت کے حوالے سے مجھے کچھ نہیں کہا گیا۔ آئی ایم ایف کون خوشی سے جاتا ہے مجبوریاں لے کر جاتی ہیں، عمران خان کوئی پہلا وزیر اعظم نہیں جو آئی ایم ایف کے پاس گیا، پاکستان 23 بار آئی ایم ایف کے پاس جاچکا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے دہشت گرد حملوں میں اضافہ کیا، ہم نے چاروں آئی جیز کو الرٹ رہنے کی تاکید کی ہے، اور متعلقہ محکموں کو سیکیورٹی صورت حال پر نظر رکھنے کا کہا ہے،امن و امان کی صورت حال کے لیے بھی الرٹ رہنے کی ضرورت ہے، ٹی ٹی پی کے مطالبات ناقابل قبول تھے، ان سے کوئی بات چیت ہی نہیں ہورہی ہے، ان کے خلاف ہم نے کارروائئ کی ہے، ان کے دو دہشت گردوں کو بھی مارا گیا ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے رشتے ہمالیہ سے بھی بلند ہیں، 7 فروری کو سعودی عرب کے وزیر داخلہ تشریف لارہے ہیں، وزارت داخلہ میں ظہرانہ اور اہم بات چیت ہوگی، وزیراعظم چین جارہے ہیں چین کا دورہ تاریخی ہوگا، پاکستان میں 87 نئے نادرا سینٹرز بنائے ہیں، سندھ میں ہم 13 پاسپورٹ سینٹرز بنانا چاہتے ہیں، پیسے ہمارے پاس موجود ہیں، تاخیر صرف سندھ حکومت کررہی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔