ہمیں گڈ اور بیڈ کا پتا، کوئی سپرپاور بائی پاس نہیں کرسکتی: وزیر داخلہ

کراچی: شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہمیں گڈ اور بیڈ کا پتا ہے اے پی ایس کے بچوں کے قاتلوں کا کیس الگ ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منظرنامہ بدلنے جارہا ہے، مستقبل کی سیاست گہرے پانیوں کی ہے، دنیا کی کوئی سپر پاور ہمیں بائی پاس نہیں کرسکتی، پاکستان چاہتا ہے افغانستان میں جامع حکومت ہو، افغان صورت حال پر پاکستان اور امریکی وزرا خارجہ رابطے میں ہیں۔ ہم بھارت سے بھی کشمیر کے مسئلے پر بات کے لیے تیار ہیں۔
امریکی صدر جوبائیڈن کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ کوئی ہمارے ملک آئے تو بسم اللہ، نہ آئے تو السلام علیکم، افغان صورت حال پر امریکی صدر کو نشانہ بنانا ناانصافی ہے، امریکی عوام افغانستان کی صورت حال سے بے خبر ہیں، بائیڈن خود اپنے لوگوں کو جواب دے۔
انہوں نے کہا کہ اسی ہفتے چیئرمین نیب کے تقرر کا فیصلہ ہوجائے گا، عمران خان کو مہنگائی کی فکر ہے، (ن) لیگ کنویں کی مینڈک ہے، پیپلزپارٹی سمجھوتہ ایکسپریس پر چڑھی ہوئی ہے۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ اعلیٰ سطح پر بات ہورہی ہے، ہمیں گڈ اور بیڈ کا پتا ہے، اے پی ایس کے بچوں کو قتل کرنے والوں کا کیس الگ ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔