بھارتی فلمساز لال حویلی پر فلم بنانے آئے، اجازت نہیں دی، شیخ رشید
راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے بھارت کے معروف فلم ساز مہیش بھٹ کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا ہے۔
شیخ رشید کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہورہی ہے جس میں اُنہیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مذکورہ ویڈیو میں شیخ رشید نے کہا کہ مہیش بھٹ دو بار بھارت سے لال حویلی آئے اور اُنہوں نے مجھ سے لال حویلی پر فلم بنانے کی اجازت مانگی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ مہیش بھٹ نے مجھ سے کہا کہ مجھے دھن راج کی کہانی پر فلم بنانے دو لیکن میں نے اُنہیں اجازت نہیں دی۔
اُنہوں نے کہا کہ ابھی تک لال حویلی پر جتنی بھی دستاویزی فلمیں بنی ہیں، یہ لوگوں نے خود بنائی ہیں، ان کا تعلق اصلی لال حویلی سے نہیں ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ جو کہتے ہیں کہ لال حویلی 19 کنال پر ہے تو میں اُنہیں بتاتا چلوں کہ 19 کنال نہیں بلکہ 19 گھر ہیں یہاں جب کہ ہمارے پاس لال حویلی کا صرف پونے تین مرلے کا حصہ ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نے وصیت کردی ہے کہ میرے بعد لال حویلی کے پونے تین مرلہ کی جگہ پر یونیورسٹی بنائی جائے گی۔