شہباز اور حمزہ کی پیرول پر رہائی، نوٹیفکیشن جاری

لاہور: حکومت پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور اُن کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گزشتہ روز شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال کے باعث اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی منظوری دی تھی، جس کا نوٹیفکیشن آج جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 5 روز کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آج دوپہر 2 بجے سے یکم دسمبر دوپہر 2 بجے تک پیرول پر رہائی کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی رہائی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں جس پر کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کرگئیں جن کی میت جلد پاکستان پہنچنے کا امکان ہے اور ان کی نماز جنازہ ہفتے کو لاہور جاتی امرا میں ادا کی جائے گی۔
مسلم لیگ (ن) نے بیگم شمیم اختر کی آخری رسوم میں شرکت کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست دی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔