راولپنڈی اسلام آباد میں شدید بارش سے نظام زندگی مفلوج، عام تعطیل کا اعلان

راولپنڈی: جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، راولپنڈی میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح 29 فٹ بلند ہونے کے بعد تیزی سے کم ہورہی ہے، کٹاریاں میں نالہ لئی کی سطح 9 فٹ پرآگئی۔ گوالمنڈی میں پانی کی بلند سطح 23.5 سے کم ہوکر 13.5 فٹ پر آگئی۔ نشیبی علاقوں سے بھی پانی تیزی سے اترنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اس سے قبل نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے سائرن بجادیے گئے تھے اور نالہ لئی کے کنارے آباد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو فوری انخلا کی ہدایت کی گئی تھی۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد سے بڑا سیلابی ریلا راولپنڈی کی جانب بڑھ رہا ہے خطرے کے پیش نظر نشیبی آبادیوں کے انخلا کا حکم جاری کیا گیا۔
کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح پہلے 14.5 فٹ تک پہنچی اور پری الرٹ لیول عبور کیا بعد ازاں مسلسل اضافے کے ساتھ 18.5 فٹ تک جا پہنچی۔ گوالمنڈی میں بھی پانی کی سطح 7 فٹ سے بڑھ کر 11 فٹ ہوگئی۔
راولپنڈی دریائے سواں میں نالہ لئی کا سیلابی ریلا داخل ہوگیا، دریائے سواں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، جی ٹی روڈ، پرائیوٹ سوسائیٹیز، اڈیالہ روڈ، چونترہ، چکری، چک بیلی تک سیلابی صورت حال ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نیو کٹاریاں میں 120، گولڑہ 119 اور شمس آباد میں 104 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جب کہ اس سے قبل بالترتیب 101، 90 اور 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریاز میں شدید بارش کے باعث رین الرٹ جاری کردیا گیا۔ انتظامیہ نے مزید بارش کے نتیجے میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے اور سیلابی ریلے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جب کہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
شدید بارش اور سیلابی صورت حال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے مقامی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، یکم ستمبر بروز منگل راولپنڈی کی حدود میں مقامی تعطیل ہوگی، تمام متعلقہ ادارے مقامی تعطیل کے باعث بند رہیں گے، تاہم ہنگامی نوعیت کے محکمے، ادارے اور اتھارٹیز معمول کے مطابق کام کریں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نالہ لئی و دیگر نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے اجتناب کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نالہ لئی کے کنارے آباد افراد فوری طور پر علاقہ خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر پانی کے باعث گاڑیاں روڈ پر پھنس گئیں۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ آرمی امدادی اداروں کے ساتھ موجود ہے، ٹرپل ون بریگیڈ ہمارے ساتھ رابطے میں ہے، ابھی ٹرپل ون بریگیڈ کو طلب نہیں کیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔