سی ای او کے الیکٹرک کا وہ حال کریں گے یاد رکھیں گے، سینیٹر سیف ابڑو

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے سربراہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو کا کہنا ہے سی ای او کے الیکٹرک کا وہ حال کریں گے کہ وہ یاد رکھیں گے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی رکن سینیٹر فدا محمد نے سیکریٹری پاور ڈویژن سے پوچھا کہ کے الیکٹرک کا نیشنل گرڈ کے ساتھ معاہدہ کہاں تک پہنچا؟ یہ معاہدہ پچھلے 8 سال میں کیوں نہیں طے پارہا؟ یہ مسئلہ کشمیر تو نہیں ہے۔
سیکریٹری پاور ڈویژن نے جواب دیا کہ میں کوئی تاریخ نہیں دے سکتا، جس پر چیئرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ وزیر توانائی اتنا نااہل ہے کہ وہ کسی کمیٹی میں آتا ہی نہیں۔
سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا 475 ارب کے کے الیکٹرک کے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات کہاں ہیں؟ کے الیکٹرک کی نج کاری سے اب تک کے منصوبوں کی تفصیلات کمیٹی کو دکھائی جائیں، ہمیں ایک شیٹ پر ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات دیں، ارکان آپ کی بریفنگ لینے کو تیار نہیں، مجھ سے لڑ رہے ہیں۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا کہنا تھا ہم نے کے الیکٹرک کے سی ای او کو سمن جاری کردیے ہیں، آئندہ اجلاس میں پولیس خود پکڑ کر سی ای او کے الیکٹرک کو اجلاس میں لے آئے گی، یہ کمیٹی سی ای او کے الیکٹرک کا وہ حشر کرے گی کہ یاد رکھے گا۔
قائمہ کمیٹی برائے توانائی نے سی ای او کے الیکٹرک کو سمن جاری کرنے کے لیے چیئرمین سینیٹ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔