ملکی اسٹرٹیجک اثاثوں کے سیکیورٹی انتظامات بھرپور ہیں، کور کمانڈرز

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں ایٹمی کمانڈ اور کنٹرول اسٹرکچر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کور کمانڈرز کانفرنس میں سیلاب کے بعد ریلیف اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا گیا اور سندھ، بلوچستان میں سیلاب کے بعد کی صورت حال پر غور کیا گیا جب کہ شرکا نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں سول انتظامیہ کی مدد کو قابل ستائش قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ایٹمی کمانڈ اور کنٹرول اسٹرکچر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ذمے دار ملک ہے اور پاکستان نے اپنی ایٹمی سیکیورٹی رجیم مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں، ملک کے اسٹرٹیجک اثاثوں کے سیکیورٹی انتظامات بھرپور ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرات سے ملک کے دفاع کے لیے تیار ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔