کورونا کیسز بڑھنے کا اندیشہ، سندھ میں سیکنڈری کلاسز کھولنے کا فیصلہ موخر

کراچی: سندھ حکومت نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث چھٹی تا آٹھویں جماعت تک تدریسی عمل بحال کرنے کا فیصلہ موخر کردیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرس کے دوران وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے بعد سب سے مشکل فیصلہ اسکول کے کھولنے کا تھا تاہم اسکول کھلنے کے بعد میں نے شہر کے مختلف اسکولوں میں ایس او پیز کا جائزہ لیا، کچھ پرائیویٹ اسکولوں میں ایس او پیز کے بہترین انتظامات کیے گئے جب کہ بعض اسکولوں میں ایس او پیز کی پابندی نہیں کی گئی۔
سعید غنی نے کہا کہ کل جب انہی اسکولوں میں دیگر جماعتوں کے بچوں کی تدریس کا عمل شروع ہوگا تو صورت حال خراب ہونے کا خدشہ ہے لہٰذا 21 تاریخ سے سیکنڈری کلاسز کھولنے کا فیصلہ 28 ستمبر تک موخر کردیا گیا ہے اور اگر صورت حال یہی رہی تو اسکولز کھولنے کے فیصلے کو مزید موخر کریں گے۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں اسکول کھولنے کے معاملے پر نظرثانی کی جائے گی، سندھ حکومت اپنے بچوں کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کرے گی جب کہ اس حوالے سے وفاقی حکومت سے بھی رابطہ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اساتذہ کو کہا گیا کہ اپنے ٹیسٹ کروائیں، نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے مفت ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔