بیوی کے ہاتھوں دُھلائی، اسکول پرنسپل ثبوت سمیت عدالت جاپہنچا

ممبئی: برصغیر پاک و ہند میں مردوں کے ہاتھوں خواتین پر تشدد کے ڈھیروں واقعات سامنے آچکے ہیں، تاہم اب ایک ایسا واقعہ بھارت سے سامنے آرہا ہے، جس میں بھارتی شہری بیوی کے خلاف گھریلو تشدد کی شکایت لے کر عدالت جاپہنچا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان کے اسکول پرنسپل نے اپنی بیوی پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے اس کے خلاف عدالت میں شکایت درج کروا دی ہے۔شہری کا کہنا ہے کہ اس کی بیوی روزانہ کی بنیاد پر اسے بے دردی سے مارتی ہے اور تشدد کا نشانہ بنا کر گھر سے نکال دیتی ہے۔ اہلیہ کے تشدد سے پریشان پرنسپل نے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے گھر میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے اور بیوی کے خلاف ضروری ثبوت اکٹھے کر کے عدالت جاکے انصاف کے لیے دُہائی دے ڈالی۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بیوی اسے کرکٹ کے بلے سے مار رہی ہے، پرنسپل نے بتایا کہ اس کی بیوی اسے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکی دے کر بلیک میل بھی کرتی ہے۔ عدالت نے مظلوم شوہر کو ظالم بیوی سے تحفظ کے لیے اسے سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ شخص نے قریباً 7 سال قبل سونی پت کی رہنے والی سمن کے ساتھ محبت کی شادی کی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔