بغیر اجازت عمرہ کرنے والوں پر بھاری جرمانے کا فیصلہ

ریاض: حکومت سعودی عرب نے بغیر اجازت کے عمرہ کرنے کی کوشش کرنے والوں پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے جہاں معتمرین کی تعداد 70 ہزار تک بڑھانے کا فیصلہ کیا، وہیں کورونا وبا کے دوران احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کے تحت ہنگامی فیصلے کیے گئے ہیں۔
ان نئے فیصلوں کے تحت عمرے کے لیے اجازت نامے کی شرط کی خلاف ورزی پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں داخل ہونے کے لیے یہ اجازت نامے سعودی عرب کی کووڈ 19 ٹریکنگ ایپس توکلنا اور اعتمرنا سے حاصل کیے جاتے ہیں۔
12 سے 18 سال کے ایسے مقامی بچے جنہوں نے کورونا ویکسین کے دونوں ٹیکے لگوالیے ہیں وہ بھی عمرہ ادا کرسکیں گے جب کہ گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ 9 اگست سے مختلف ممالک سے عمرہ کی درخواستیں بتدریج وصول کرنا شروع کریں گے۔
وزارت حج و عمرہ کی کوشش کی ہے کہ عمرہ کرنے والوں کی تعداد میں 20 لاکھ یومیہ تک اضافہ کردیا جائے جس کے لیے ویکسی نیشن اور دیگر حفاظتی اقدامات کا مربوط نظام تشکیل دیا جارہا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔