آئی ایم ایف سے معاہدہ قریب، سعودیہ نے 4.2 ارب ڈالر کا پیکیج دیا: مشیر خزانہ
اسلام آباد: مشیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے 4.2 ارب ڈالر کا پیکیج دیا ہے، جس پر 3.2 فیصد شرح سود ادا کیا جائے گا۔
مشیر خزانہ شوکت ترین نے وزیر توانائی حماد اظہر کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ سعودی عرب سے گفتگو چل رہی تھی، معاہدے کے خدوخال اب طے ہوئے ہیں، وزیراعظم کے حالیہ دورے میں سعودی عرب نے منظوری دی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب سے 3 ارب اسٹیٹ بینک میں ڈیپازٹ رکھنے کا کہا تھا، سعودی عرب نے 4.2 ارب ڈالر کا پیکیج دیا ہے، یہ رقم ملنا ہمارے لیے مفید ہے، اس رقم کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ سعودی عرب کے پیکیج کی شرائط میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا، انہوں نے گزشتہ پیکیج کی شرائط پر نیا پیکیج دیا، اس پیکیج پر 3.2 فیصد شرح سود ادا کیا جائے گا۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیٕں، مجھ سے یقین دہانی لے لیں، ایک آدھ چیز ہے جس پر ہماری بحث ہورہی ہے، وہ بھی ایک دو دن میں طے ہوجائیں گی جب کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا اور مارکیٹ میں مثبت اثرات آئیں گے۔