اداکارہ صنم جنگ بھی کورونا کی زد میں آگئیں!

کراچی: اداکارہ صنم جنگ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں جس کے بعد انہوں نے 4 سالہ بیٹی کے ہمراہ خود کو قرنطینہ کرلیا۔
32 سالہ پاکستانی اداکارہ صنم جنگ نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے کی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ میں اپنے تمام خیر خواہوں کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں اور میری بیٹی مکمل طور پر قرنطینہ ہوگئے ہیں اور شکر گزار ہوں کہ کوئی شدید علامات موجود نہیں ہیں‘۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مداحوں سے درخواست کی کہ اس وبا کو سنجیدگی سے لیں، کورونا ایک حقیقت ہے، براہ مہربانی ضروری احتیاطی تدابیر اپنائیں، ماسک پہنیں اور عوامی جگہوں پر جانے سے گریز کریں، گھر میں رہیں اور خود کو محفوظ رکھیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے مداحوں سے اپنی اور بیٹی کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ماہرہ خان بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرچکی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔