کورونا سے سوڈان کے سابق وزیراعظم جاں بحق!
خرطوم: کورونا وبا کے باعث سوڈان کے سابق وزیراعظم انتقال کرگئے۔
سوڈان کے سابق وزیراعظم صادق المہدی گزشتہ تین ہفتوں سے کورونا وائرس میں مبتلا تھے اور متحدہ عرب امارات کے اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ جمعرات کو انتقال کرگئے۔اُن کی عمر 84 برس تھی۔
صادق المہدی سوڈان کے آخری منتخب وزیراعظم تھے، جنہیں 1989 میں سوڈان کے سابق فوجی صدر عمر البشیر نے اقتدار سے نکالا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم صادق المہدی کے اہل خانہ نے گزشتہ ماہ ان کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد وہ چند روز سوڈان میں ہی زیر علاج رہے، تاہم طبیعت بگڑنے پر انہیں یو اے ای منتقل کیا گیا۔
سابق وزیراعظم کی جماعت اُمہ پارٹی کا کہنا ہے کہ صادق المہدی کو جمعہ کو سپرد خاک کیا جائے گا۔