معروف اداکار احسن خان کے والد انتقال کرگئے
کراچی: پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے مقبول اداکار احسن خان کے والد رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے۔
اداکار احسن خان نے اپنے والد کے انتقال کی افسوس ناک خبر انسٹاگرام کے ذریعے مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
احسن خان نے انسٹاگرام پر اپنے والد کے ساتھ چند تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے ان کے انتقال پر ایک جذباتی اور دل کو چھو لینے والا پیغام بھی تحریر کیا۔
احسن خان نے لکھا کہ بعض جدائیاں ہمیں زندگی کی سب سے بڑی حقیقت یاد دلاتی ہیں کہ اس دنیا میں کوئی چیز ہمیشہ رہنے والی نہیں اور ہر چیز اللّٰہ ہی کی امانت ہے۔
انہوں نے لکھا کہ میرے والد ایک بے حد شان دار انسان تھے اور آج میں جو کچھ بھی ہوں، اس میں ان کا بنیادی کردار ہے۔
احسن خان نے کہا کہ اس مشکل وقت میں جن لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا، محبت کا اظہار کیا اور میرا ساتھ دیا، میں ان سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، آپ کی محبت اور شفقت نے مجھے احساس دلایا کہ میں اس آزمائش میں اکیلا نہیں تھا اور یہ میرے لیے الفاظ سے کہیں بڑھ کر اہم ہے۔
احسن خان کے والد کے انتقال پر مداح، شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین ان سے اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کر رہے ہیں اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کررہے ہیں۔