فیفا ورلڈکپ: مراکش کو شکست، فرانس سیمی فائنل میں پہنچ گیا

فیفا فٹ بال ورلڈکپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
کپتان ایمباپے اور ڈیمبیلے کی عمدہ کارکردگی کی بدولت فرانس نے مراکش کو شکست دے کر فیفا ورلڈکپ 2026 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم کا اعزاز حاصل کرلیا۔
میچ کی ابتداء سے ہی فرانسیسی ٹیم چھائی رہی۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا، لیکن اگلے ہاف میں 6 منٹ میں فرانسیسی ٹیم نے 2 گول کرکے میچ اپنے نام کیا۔
بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل کا آغاز انتہائی شاندار تھا۔ فرانسیسی ٹیم نے مراکش کے گول پر کئی حملے کیے۔ ایمباپے کو ڈی میں گرانے پر فرانس کو پینالٹی ملی، لیکن ایمباپے کی لگائی ہوئی ہٹ کو مراکشی گول کیپر نے باآسانی روک لیا۔
پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں بھی فرانسیسی ٹیم نے مراکش کے گول پر کئی حملے کیے، بالآخر 60 ویں منٹ میں ایمباپے نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلوائی اور 66 ویں منٹ میں ڈیمبیلے نے خوبصورت گول کرکے فرانس کی برتری ڈبل کردی۔
82 ویں منٹ میں مراکش کو فری کک ملی، جسے فرانسیسی گول کیپر نے خوبصورتی سے ناکام بنایا۔
اسی دوران مراکش کو گول کرنے کا ایک اور موقع ملا، لیکن اس کے کھلاڑی کی کوشش بھی ناکام رہی۔
یوں فرانس کی ٹیم 0-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مسلسل تیسری مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔
ایمباپے کے رواں ورلڈکپ میں گول کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ وہ فیفا ورلڈکپ کے 2 مختلف ایڈیشنز میں 8، 8 گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
ایمباپے نے 2022 کے قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ میں بھی مجموعی طور پر 8 گول کیے تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔