باقاعدہ ورزش کورونا کے خطرات کو ٹال دیتی ہے
پیمپلونا: ایک تجزیے میں بتایا گیا ہے کہ باقاعدگی سے ورزش کرنا کووڈ-19 میں مبتلا ہونے یا اس وائرس سے سنگین نوعیت کے متاثر ہونے کے خطرات کو کم کردیتا ہے۔
برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع شدہ تجزیاتی رپورٹ کے مطابق باقاعدہ جسمانی سرگرمی کا کووڈ-19 کے کم خطرات، اس کی شدت، اسپتال میں داخلے اور اموات کے درمیان تعلق پایا گیا ہے۔
تحقیق کے مطابق ہفتے میں 150 منٹ کی معتدل مشقت یا 75 منٹ کی شدید مشقت کی جسمانی سرگرمیاں بہترین حفاظت کے طور پر سامنے آئیں۔
تحقیق میں ہسپانوی محققین کی ٹیم نے لکھا کہ باقاعدہ جسمانی سرگرمی کا تعلق منفی کووڈ 19 نتائج سے دِکھتا ہے۔ ٹیم کے تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ افراد جو مستقل ورزش کرتے ہیں، ان کے کووڈ میں مبتلا ہونے، انفیکشن سے اسپتال میں داخلے، کووڈ میں شدت اور اس سے ہونے والی اموات کے خدشات ان لوگوں کی نسبت کم ہوتے ہیں جو ورزش نہیں کرتے۔
ماہرین یہ بات جانتے ہیں کہ باقاعدہ ورزش اپنے اندر تنفس کے شدید انفیکشنز کے خلاف حفاظتی اثرات رکھتی ہے، بلاناغہ جسمانی ورزش متعدد صحت کے فوائد سے جُڑی ہے جس میں موٹاپے یا ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے خدشات میں کمی شامل ہے۔
پچھلی تحقیقوں میں یہ بتایا جاچکا ہے کہ ورزش تنفس کے انفیکشنز کے خطرات اور شدت دونوں کو قوتِ مدافعت کو مضبوط کرکے کم کرسکتی ہے۔