آم کی نایاب قسم میازاکی، قیمت 6 لاکھ روپے فی کلو
کراچی: عام طور پر بازار میں آم چند سو روپے فی کلو میں دستیاب ہوتے ہیں، لیکن دنیا میں ایک ایسی نایاب قسم بھی موجود ہے، جس کی قیمت سن کر ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے۔ جاپانی نسل کے میازاکی آم ایک بار پھر اپنی غیر معمولی قیمت کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔
بھارت کے کاشت کار سندیپ چوہدری نے اپنی فصل میں تیار ہونے والے میازاکی آم 2 لاکھ 11 ہزار بھارتی روپے فی کلو میں فروخت کیے، جو پاکستانی کرنسی میں قریباً 6 لاکھ 12 ہزار روپے بنتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک کلو وزن میں صرف چار آم شامل تھے، یعنی ہر آم کی قیمت بھی غیر معمولی رہی۔
کاشت کار سندیپ چوہدری نے فروخت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نایاب آم سورت کے معروف تاجر پروین گپتا نے خریدے ہیں۔ ان کے مطابق خریدار گزشتہ سال سے ان کے ساتھ رابطے میں تھے اور اس منفرد آم کی خریداری میں خصوصی دلچسپی رکھتے تھے۔
میازاکی آم اپنی دلکش سرخی مائل رنگت اور منفرد ذائقے کی وجہ سے دنیا بھر میں خاص مقام رکھتا ہے۔ اسے ’’سورج کا انڈا‘‘ (Egg of the Sun) بھی کہا جاتا ہے جب کہ غذائیت کے اعتبار سے بھی اسے عام اقسام کے آموں پر فوقیت حاصل ہے۔ ماہرین کے مطابق میازاکی آم میں وٹامن اے، وٹامن سی، بیٹا کیروٹین اور اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار دیگر عام اقسام کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے دنیا کے مہنگے ترین اور نایاب آموں میں شمار کیا جاتا ہے۔