وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
گوجرانوالا: انسداد دہشت گردی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
رانا ثناء اللہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اے ٹی سی کے جج رانا زاہد اقبال خان نے جاری کیے۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرکے 28 مارچ کو پیش کیا جائے۔
خیال رہے کہ 24 فروی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں درج ایک مقدمے میں وفاقی وزیر داخلہ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور پولیس کو انہیں 7 مارچ کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
آج رانا ثناء اللہ کی طرف سے ان کے وکیل ایڈووکیٹ عبدالماجد عدالت میں پیش ہوئے اور رانا ثناء اللہ کی آج عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ سرکاری مصروفیات کے باعث رانا ثناء اللہ آج عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، وہ اگلی سماعت پر عدالت میں پیش ہوجائیں گے۔
عدالت نے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
خیال رہے کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف 5 اگست 2022 کو (ق) لیگ کے مقامی رہنما شاہ کاز اسلم کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں ان پر چیف سیکریٹری اور ان کے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔