نیوزی لینڈ سیریز منسوخی پر ٹیم اپنا غصہ پرفارمنس کے ذریعے نکالے: رمیز راجہ
لاہور: پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے سیریز منسوخ کیے جانے کے بعد تکلیف میں محسوس کررہا ہوں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے سیریز منسوخ کیے جانے کے بعد جو تکلیف آپ کو ہوئی وہی تکلیف میں محسوس کررہا ہوں، سوچا کچھ تھا لیکن جو ہوا اس پر دکھ ہے، ماضی میں بھی ایسی صورت حال سے گزرے اور ہمیشہ آگے بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قوت سے پوری دنیا کو چیلنج کرتے ہیں، کرکٹ پر مشکلات ہیں تو اس سے جلد باہر نکلیں گے، یقین ہے ڈومیسٹک لیول پر رہتے ہوئے ورلڈ کلاس ٹیم بناسکتے ہیں، تمام فینز کو کہتا ہوں ورلڈکپ میں اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ٹیم کو کہوں گا کہ جو غصہ ہے اس کو پرفارمنس پر نکالیں، جب ہم دنیا کی بہترین ٹیم بنیں گے تو کھیلنے والوں کی لائن لگ جائے گی، سمجھتا ہوں پاکستان ہوم کرکٹ پر دباؤ آیا ہے، امید کرتا ہوں ہم ایک ہوکر ملکی کرکٹ کو اوپر لے کر جائیں گے۔