نیوزی لینڈ سے اَپ سیٹ شکست پر رمیز راجا بھڑک اُٹھے
راولپنڈی: نیوزی لینڈ کی سی ٹیم کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹی 20 میں شکست پر سابق کرکٹر رمیز راجا بھی بھڑک اٹھے۔
سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ناتجربہ کار ٹیم کے ہاتھوں شکست شرم ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، لیکن اس طرح کی شکست آپ کی بنیاد ہلادیتی ہے، ٹی20 ورلڈکپ سے قبل ہوم گراؤنڈ پر شکست ہوئی ہے جو ناقابل قبول ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے نامور کھلاڑیوں کے ہمراہ نہیں آئی ہے۔
رمیز راجا نے کہا کہ مانتا ہوں کہ ٹی20 فارمیٹ قسمت کا کھیل ہے، لیکن 24 گھنٹوں کے اندر نوآموز کرکٹرز کے ہاتھوں شکست ایک دھچکا ہے۔
سابق کرکٹر رمیز راجا نے ابتدائی بلے بازوں کو پاور پلے میں فائدہ نہ اٹھانے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا، جو بیٹرز پچ پر سیٹ ہیں انہیں صرف 20-30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ نہیں ہونا چاہیے تھا، جس کی وجہ سے اسکور محض 180 کے قریب پہنچا، بیٹرز نے رنز نہ بناکر فرنٹ لائن بالرز شاہین اور نسیم کو مشکل میں ڈالا۔