وزیراعظم سے چیئرمین پی سی بی اور رمیز راجا کی ملاقات

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور سابق کپتان رمیز راجا نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی مدت ملازمت 28 اگست کو ختم ہورہی ہے، جس کے بعد وزیراعظم کی طرف سے عندیہ دیا گیا ہے کہ ان کے عہدے میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
اسی حوالے سے پی سی بی کے نئے چیئرمین کے لیے سابق قومی کپتان رمیز راجا کا نام سامنے آرہا ہے، ان کو چیئرمین پی سی بی بنانے کی مخالفت سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے بھی کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور سابق ٹیسٹ کپتان رمیز راجا وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچے، جہاں پاکستان کرکٹ کی زبوں حالی اور مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور رمیز راجا نے ملاقات میں پی سی بی کے امور پر مشاورت کی، ملاقات کے دوران احسان مانی نے عمران خان کو پی سی بی کے امور پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ کے اسٹرکچر کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم پی سی بی گورننگ بورڈ کے ارکان کا فیصلہ کریں گے۔
ملاقات کے بعد احسان مانی نے وزیراعظم سے ملاقات کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کی تفصیلات پر وزیراعظم ہاؤس کا اعلامیہ آجائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔