عجیب و غریب پھول، جو سال میں ایک بار کھلتا ہے

برازیل: دُنیا میں ایک پھول ایسا بھی ہے جو بظاہر کانٹے دار کیکٹس کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے لیکن اپنے دیدہ زیب حسن کی بنا پر پسند کیا جاتا ہے۔ یہ پھول سال میں ایک مرتبہ صرف رات کو ہی کِھلتا ہے اور خوشبو بکھیرتا ہے۔ اسی بنا پر اسے ملکہ شب (کوئن آف دی نائٹ) کہا جاتا ہے۔
کوئن آف دی نائٹ کا حیاتیاتی نام ایپی فائلم آکسی پیٹالم ہے جس سےبڑے سفید پھول برآمد ہوتے ہیں۔ پھول کی پنکھڑیاں اسی لگتی ہیں کہ گویا اس پر کسی نے موم پھیردیا ہے لیکن یہ پھول رات کو صرف چند گھنٹوں کےلیے ہی اپنی بہار دکھاتا ہے۔ سورج طلوع ہونے پر یہ دوبارہ بند ہوجاتا ہے اس طرح دنیا بھر کے لوگ اس نایاب منظر کے منتظر رہتے ہیں۔
کوئن نائٹ میکسیکو کے جنگلات اور وسطی امریکا میں پایا جاتا ہے۔ پھول کھلنے کے عمل کو دیکھنے والے خود کو خوش نصیب تصور کرتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہےکہ موسمِ بہار یا گرما میں کسی بھی رات کو یہ اپنا نظارہ کرواتا ہے اور لوگ اس کے منتظر رہتے ہیں۔
جن افراد نے پھول کِھلنے کے بعد اس کی خوشبو سونگھی ہے انہوں نے اسے دنیا کا سب سے مہکتا پھول قرار دیا ہے۔ پھول کِھلتے وقت قدرے سفید ہوجاتا ہے اور اس کی خوشبو مدتوں یاد رہتی ہے۔
اسی پھول کی ایک اور قسم آرکڈ کیکٹس بھی ہے جو روزانہ رات کے وقت ہی کھلتا ہے، کیونکہ چمگادڑیں اس سے زردانے لے کر دوسرے پودے تک پولی نیشن کا عمل انجام دیتی ہیں. تاہم ملکہ شب سال میں ایک وقت ہی کھلتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔