پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے میدان مار لیا
لاہور: پی ٹی آئی نے پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں میدان مار لیا، پاکستان تحریک انصاف نے 15 نشستیں جیتیں، مسلم لیگ ن 4 کو سیٹیں ملیں جب کہ ایک نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔
الیکشن کمیشن کو آر ٹی ایس سسٹم کے ذریعے موصولہ نتائج کے مطابق پی ٹی آئی جھنگ کی دو، لاہور کی تین اور ملتان، راولپنڈی، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، خوشاب، بھکر، شیخوپورہ، فیصل آباد، لودھراں سے ایک ایک نشست پر کامیاب ہوگئی۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ضمنی انتخابات میں 4 نشستوں پر کامیاب ہوسکی جن میں لاہور (168)، مظفر گڑھ (273)، بہاولنگر اور راولپنڈی پی پی 7 کی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوسکی۔
اس ضمن میں اتوار کو ہونے والی پولنگ صبح 8 سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی، مقررہ وقت ختم ہونے سے قبل پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے والے ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جب کہ مقررہ وقت کے بعد آنے والے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں لاہور کی کُل چار میں سے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار میاں محمد عثمان اکرم نے حلقہ 158 (لاہور) کا میدان مارتے ہوئے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا احسن شرافت کو شکست دے دی۔
حلقے کے 151 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق میاں محمد عثمان اکرم 37 ہزار 463 جب کہ رانا احسن اشرف 31 ہزار 906 ووٹ حاصل کرسکے۔ واضح رہے کہ 2018 کے انتخابات میں علیم خان اس حلقے سے کامیاب ہوئے تھے۔
حتمی و سرکاری نتیجے کے مطابق پی پی 167 (لاہور) کے تمام پولنگ اسٹیشنز سے پی ٹی آئی کے شبیر گجر 40 ہزار 511 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ ن لیگ کے نذیر چوہان 26 ہزار 473 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 170 (لاہور) کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ظہیر عباس کھوکھر نے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد امین ذوالقرنین کو ہرادیا۔ ظہیر عباس نے 24 ہزار 688 ووٹ جبکہ محمد امین ذوالقرنین نے 17 ہزار 519 ووٹ حاصل کیے۔
دوسری جانب سرکاری نتائج کے مطابق لاہور کی 4 انتخابی نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) صرف ایک نشست پر کامیابی حاصل کرسکی ہے۔
پی پی 168 (لاہور) کی انتخابی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسد علی کھوکھر نے تحریک انصاف کے امیدوار نواز اعوان کو شکست دی۔ اسد علی کھوکھر 26 ہزار 169 ووٹ جب کہ نواز اعوان 15 ہزار 767 ووٹ حاصل کرسکے۔
پی پی 83 (خوشاب) کے تمام 215 پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ملک حسن اسلم خان کامیاب ہوگئے۔
الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے ملک حسن اسلم نے 50 ہزار 749 ووٹ لے کر آزاد امیدوار محمد آصف ملک اور ن لیگ کے امیدوار کو شکست دی۔
آزاد امیدوار محمد آصف ملک 43 ہزار 587 اور ن لیگی امیدوار امیر حیدر سنگھا 35 ہزار 395 ووٹ حاصل کرکے بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آئے۔
پی پی 217 (ملتان) کے تمام 124 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار مخدوم زین قریشی نے ن لیگ کے امیدوار سلمان نعیم بٹ کو شسکت دی۔
پی ٹی آئی کے مخدوم زین قریشی نے 47 ہزار252 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔
الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکریٹریٹ کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے سلمان نعیم 40 ہزار 203 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ سیکریٹریٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی کے بیٹے 7 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے کامیاب رہے جب کہ پی پی 217 میں ٹرن آؤٹ 42 فیصد سے زائد رہا۔
پی پی 288 (ڈیرہ غازی خان) کے تمام 145 پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار سردار محمد سیف الدین کھوسہ 58 ہزار 166 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے عبدالقادر خان 32 ہزار 212 ووٹ حاصل کرسکے۔
پی پی 202 (ساہیوال) کے تمام 176 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار میجر (ر) محمد غلام سرور نے مسلم لیگ (ن) کے نعمان لنگڑیال کو شکست دی۔انتخابی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار نے 62 ہزار 298 ووٹ جبکہ لیگی رہنما نے 59 ہزار 191 ووٹ حاصل کیے۔
پی پی 140 (شیخوپورہ) کے سرکاری انتخابی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے خرم شہزاد ورک 50 ہزار 166 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔ ن لیگ کے میاں خالد 32 ہزار 105 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
لودھراں کے انتخابی حلقے پی پی 228 سے آزاد امیدوار پیر رفیع الدین 45 ہزار 20 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے کیپٹن (ر) عزت خان 38 ہزار 338 ووٹ لیکر دوسرے جب کہ ن لیگ کے نذیر خان 34 ہزار 929 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 224 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد عامر اقبال 69 ہزار 881 ووٹ لے کر فاتح جب کہ ن لیگ کے زوار حسین وڑائچ 56 ہزار 214 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
جھنگ کے دو انتخابی حلقوں 125 اور 127 سے پاکستان تحریک انصاف کے دونوں امیدواروں نے ن لیگی امیدواروں کو شکست دی۔
الیکشن کمیشن کو پی پی 125 (جھنگ) کے تمام 185 پولنگ اسٹیشنز کے موصول ہونے والے انتخابی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک اںصاف کے اعظم چیلہ نے ن لیگ کے فیصل جبوانہ کو شکست دی۔
پی پی127 (جھنگ) کے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے مہر نواز 71 ہزار 71648 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ ن لیگ کے مہر اسلم 47 ہزار 413 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ضمنی انتخابات میں مظفر گڑھ کی دو انتخابی نشستوں 272 اور 273 پر بالترتیب پاکستان تحریک انصاف اور ن لیگ کے امیدوار کامیاب ہوگئے۔
الیکشن کمیشن کو موصولہ نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے معظم علی خان نے ن لیگ کی زہرا باسط بخاری کو شکست دے دی۔ معظم علی خان 46 ہزار 69 ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے جبکہ زہرا باسط بخاری 36 ہزار 401 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہیں۔
پی پی 273 (مظفر گڑھ) کے نتیجے کے مطابق ن لیگ کے سبطین رضا 59 ہزار 679 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ پی ٹی آئی کے یاسر عرفات خان 51 ہزار 232 ووٹ لے سکے۔
الیکشن کمیشن کو پی پی 97 (فیصل آباد) کے انتخابی نتائج موصول ہوگئے جس کے مطابق پی ٹی آئی کے علی افضل ساہی 67 ہزار 22 ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے۔ ن لیگ کے محمد اجمل چیمہ 54 ہزار 266 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 90 (بھکر) کے انتخابی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے عرفان اللہ نیازی نے ن لیگ کے سعید اکبر نوانی کو شکست دے دی۔ عرفان اللہ نیازی نے 77 ہزار 865 ووٹ جب کہ سعید اکبر نوانی نے 66 ہزار 513 ووٹ حاصل کیے۔
راولپنڈی کے حلقہ پی پی 7 پر مسلم لیگ ن کے راجہ صغیر 68906 ووٹ لیکر کامیاب جبکہ پی ٹی آئی کے شبیر اعوان 68857 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے پی پی 7 کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دائر کرنے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے آر او آفس پہنچ کر درخواست بھی دائر کی۔
بہاولنگر سے ن لیگی امیدوار کامیاب
پی پی 237 (بہاولنگر) کے تمام 160 پولنگ اسٹیشنز سے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا۔ ن لیگی امیدوار فدا حسین نے 66 ہزار 881 ووٹ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سید آفتاب رضا نے 31 ہزار 148 ووٹ حاصل کیے۔
پی پی 282 لیہ سے پی ٹی آئی امیدوار قیصر عباس خان 57 ہزار 118 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ لیگی امیدوار محمد طاہر 38 ہزار 758 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی ٹی آئی کو 46.8 فیصد ووٹ ملے، مجموعی ٹرن آؤٹ 49.69 فیصد رہا
الیکشن کمیشن کو تمام بیس حلقوں کے نتائج آر ایم ایس سسٹم کے ذریعے ملے، مذکورہ بیس حلقوں میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ 49.69فیصد رہا، پاکستان تحریک انصاف کو سب سے زیادہ 46.8 فیصد ووٹ ملے جبکہ مسلم لیگ ن کو 39.5فیصد ووٹ ملے، آزاد امیدواروں کے حصے میں 7.7 فیصد ووٹ آئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے ضمنی انتخابات میں واضح اکثریت ملنے پر لاہور میں جشن منایا، آتش بازی کی اور ڈھول کی تھاپ کی رقص کر کے ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں۔