سیلاب: پاکستان تحریک انصاف کے ملک بھر میں جلسے ملتوی

پشاور: پی ٹی آئی عمران خان نے سیلابی صورت حال کے باعث ملک بھر میں ہونے والے جلسے ملتوی کرتے ہوئے کارکنوں کو امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایت جاری کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملک بھر میں جلسوں کا شیڈول جاری کیا تھا۔ عمران خان کو کل پشاور اور 6 ستمبر کو مردان میں جلسے سے خطاب کرنا تھا۔
اسی طرح عمران خان کو 29 اگست کو جہلم، یکم ستمبر کو سرگودھا، 2 ستمبر کو گجرات، 3 ستمبر کو بہاولپور، 4 ستمبر کو فیصل آباد اور 6 ستمبر کو مردان میں جلسے سے خطاب کرنا تھا، لیکن سیلابی صورت حال کے باعث عمران خان نے جلسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس سلسلے میں تمام تنظیموں کو آگاہ کردیا گیا ہے، پشاور سٹی کے صدر عرفان سلیم نے تصدیق کی ہے کہ سیلابی صورت حال کی وجہ سے عمران خان نے جلسے منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق عمران خان نے کارکنوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو امداد کی ہدایت کی ہے۔
دریں اثناء عمران خان نے سیلاب متاثرین کے لیے فنڈریزنگ کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وہ کل سیلاب متاثرین کے لیے ٹیلی تھون کے ذریعے فنڈ جمع کریں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔