پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی گرفتار

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنمائوں اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

نجی ٹی وی کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے گرفتار کیا گیا۔

سابق حکمراں جماعت کے رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست لے کر آئے تھے، جس میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ انہیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا۔

اسد عمر یہ درخواست لے کر چیف جسٹس کے کمرہ عدالت کی طرف گئے، جس کے بعد وہ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے قریب لائبریری پہنچے، جہاں سے باہر نکلنے پر اسلام آباد پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے اسد عمر کو گرفتار کرلیا۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے وکلا نے اسد عمر کی گرفتاری پر مزاحمت کی کوشش کی جس پر فورسز اور وکلا کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی اور اہلکار اسد عمر کو لے کر روانہ ہوگئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد عمر کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

بعدازاں اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کرلیا۔
اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کو بھی آج گرفتار کیا تھا تاہم اب وائس چیئرمین شاہ محمود کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق شاہ محمود قریشی کو ریڈ زون سے گرفتار کیا گیا ہے۔

 

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔