پی ٹی آئی کو دی گئی ڈیڈلائن ختم، زمان پارک جانے والے راستے بند

لاہور: پی ٹی آئی کو پنجاب حکومت کی جانب سے دی جانے والی مہلت ختم ہوگئی جس کے پیش نظر سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں۔
گزشتہ روز نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے عمران خان کو زمان پارک میں موجود افراد کو پولیس کے حوالے کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ لاہور میں عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے والے 30 سے 40 افراد زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور اگر آئندہ 24 گھنٹے میں انہیں پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا تو کارروائی ہوگی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے، جس کے پیش نظر پولیس کو الرٹ رکھا گیا ہے اور زمان پارک کی طرف جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی ادارے ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد کی حکمت عملی پر غور کررہے ہیں۔
عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک جانے والے راستے مکمل بند ہیں اور پولیس کی بھاری نفری زمان پارک کے چاروں اطراف موجود ہے۔
آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور نے پولیس کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے، پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کے قریب کنٹینر پہنچادیے گئے ہیں اور علاقہ مکینوں کو شناخت کے بعد داخلے کی اجازت دی جارہی ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔