وزیراعظم شہباز کی طبیعت ناساز، لندن سے وطن واپسی تاخیر کا شکار

لندن: طبیعت ناساز ہونے کے باعث وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی پاکستان واپسی مؤخر کردی۔
چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف مصر سے براہ راست لندن پہنچے تھے اور انہیں گزشتہ روز پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھا، تاہم انہوں نے اپنا قیام ایک روز کے لیے بڑھا دیا تھا، جس کے بعد انہیں آج وطن کے لیے روانہ ہونا تھا۔
تاہم اب شریف فیملی کے ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ وطن واپسی کے لیے ایئرپورٹ روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہوگئی، وزیراعظم کو ایئرپورٹ روانگی سے قبل ہلکا بخار محسوس ہوا۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ناساز طبیعت کے باعث فیملی نے انہیں سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا، جس کے باعث انہوں نے اپنی پاکستان روانگی مؤخر کردی۔
خاندانی ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف دو روز مزید لندن میں قیام کریں گے، اب وزیراعظم آج یا کل رات وطن واپس روانہ ہوں گے۔
دھیان رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے قائد اور اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے لندن میں قیام کے دوران متعدد ملاقاتیں کیں، جس میں ملکی سیاست اور نئے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق مشاورت کی گئی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔