وزیراعظم نے سابق حکومت کے مقابلے میں موجودہ حکومت کی کارکردگی بتادی!

اسلام آباد: وزیراعظم نے سابق حکومت کے مقابلے میں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کی کچھ تفصیلات جاری کی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک کے نتائج سے تحریک انصاف اور مسلم لیگ نواز کے 10 سالہ دورِ حکومت میں پنجاب کے محکمۂ انسدادِ بدعنوانی کی کارکردگی میں فرق نمایاں ہے۔ ن لیگ کے 10 سالہ مایوس کُن دور کے برعکس ہماری حکومت کے گزشتہ 31 ماہ کے دوران محکمۂ انسدادِ بدعنوانی، پنجاب نے بدعنوان عناصر سے 220 ارب روپے واپس نکلوائے۔


انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے اقتدار کے 10 برسوں کے 2.6 ارب روپے کے برعکس ہمارے دور میں 192 ارب روپے کی سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی۔ ن لیگ کے 10 سالہ دورِ حکومت کے 430 ملین کے برعکس ہمارے دور میں 2.35 ارب روپے کی کیش ریکوری ہوئی۔ ن لیگ کے 10 برسوں کے صفر کے مقابلے میں بالواسطہ کیش ریکوری کا حجم 26 ارب روپے ہوچکا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہی فرق نیب کی کارکردگی میں بھی نمایاں ہے۔ 1999 سے 2017 کے دوران وصول کیے گئے محض 290 ارب کے مقابلے میں ہمارے دورِ حکومت (2018 تا 2020) میں نیب نے بدعنوان عناصر سے 484 ارب روپے واپس نکلوائے۔ جب حکومت مجرموں کا تحفظ نہیں کرتی اور احتساب کی مشینری کو بِلامداخلت کام کا موقع دیتی ہے تو نتائج ملتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔