صدر جوبائیڈن کے بیٹے پر فردِ جرم عائد، 10 سال قید متوقع

واشنگٹن: امریکا کے صدر جوبائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن پر 3 الزامات میں فردِ جرم عائد کردی گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہنٹر جوبائیڈن پر غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور پولیس کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹا بیان قلم بند کرانے کے جن الزامات کی فرد جرم عائد کی گئی، ان میں 10 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
جوبائیڈن کے بیٹے پر الزام تھا کہ انہوں نے پانچ سال قبل جب بندوق خریدی تو بتایا تھا کہ وہ نشہ نہیں کرتے جو جھوٹ تھا اور بعد میں انہوں نے خود اعتراف کیا کہ وہ بے تحاشا نشہ کرتے تھے۔
خیال رہے کہ ہنٹر بائیڈن پر یہ الزامات محکمہ انصاف کے خصوصی وکیل ڈیوڈ ویس نے 2018 میں دائر کیے تھے۔
تجزیہ کاروں نے کہا کہ 53 سالہ ہنٹر بائیڈن کو سزا ہوجاتی ہے تو یہ ان کے والد جوبائیڈن کی دوبارہ صدر بننے کی انتخابی مہم پر بری طرح اثرانداز ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعت ری پبلکن نے الزام عائد کیا تھا کہ صدر جوبائیڈن کے بیٹے کو بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، تاہم اس الزام سے متعلق کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔
یہ پہلی بار نہیں جب ہنٹربائیڈن اپنے والد جوبائیڈن کے سیاسی کیریئر میں نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔ اس سے قبل بھی ایک خاتون نے ہنٹر کی دوست اور ان کی بیٹی کی ماں ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔
راکنساس کی رہائشی خاتون لنڈن رابرٹس نے 2018 میں ہنٹر بائیڈن کے خلاف اپنی بیٹی کی ولدیت کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا لیکن امریکی صدر کے بیٹے اس سے انکاری رہے۔
تاہم ڈی این اے کے ذریعے یہ ثابت ہوگیا کہ مذکورہ بچی ہنٹر بائیڈن کی ہی ہے۔ 2021 میں صدر جوبائیڈن کے بیٹے ہنٹر نے بھی تسلیم کرلیا تھا کہ یہ رشتہ اس وقت قائم ہوا جب وہ شراب اور منشیات کی لت کا شکار تھے۔
جس کے بعد یکم اگست کو امریکی صدر جوبائیڈن نے ہنٹر بائیڈن اور ان کی دوست کی 4 سالہ بیٹی نیوی جان رابرٹس کو پہلی بار اپنی پوتی تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے متعلق پرائیویسی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔
صدر بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہمارا بیٹا ہنٹر اور میری پوتی کی ماں ایک ایسے رشتے کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کررہے ہیں جو کم سن بیٹی کے بہترین مفاد میں ہو۔
خیال رہے کہ ہنٹر بائیڈن شادی شدہ ہیں اور ان کے چار بچے بھی ہیں۔ ان کی اہلیہ کا نام میلیسا کوہن ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔