خاتون کے جگر میں حمل ٹھہرنے کا حیران کن واقعہ

اونٹاریو: کینیڈا سے تعلق رکھنے والی 33 سالہ خاتون کے ساتھ حیران کن واقعہ پیش آیا ہے، اُن کے رحمِ مادر (womb) کے بجائے جگر میں حمل ٹھہر گیا۔ یہ انتہائی کم یاب طبّی واقعہ ہے اور اب تک اس طرح کے بہت کم واقعات ہی مشاہدے میں آئے ہیں۔
یہ انکشاف گزشتہ ہفتے مینیٹوبا، کینیڈا میں چلڈرنز ہاسپٹل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹر مائیکل ناروے نے اپنی ٹک ٹاک ویڈیو میں کیا جسے اب تک قریباً 50 لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔ بعد ازاں یہی ویڈیو ٹوئٹر پر بھی وائرل ہوگئی۔
مختصر ویڈیو میں ڈاکٹر مائیکل نے اس کیس کے بارے میں بتایا جو ان ہی کے اسپتال میں لایا گیا تھا۔
خاتون کی شناخت ظاہر کیے بغیر، ڈاکٹر مائیکل نے بتایا کہ وہ خاتون غالباً 7 ہفتے کی حاملہ تھی لیکن پچھلے 14 دن سے شدید قسم کی زنانہ پیچیدگیوں کا سامنا بھی کررہی تھی۔
الٹراساؤنڈ، معائنے اور مزید چھان بین سے پتا چلا کہ اس خاتون میں رحمِ مادر کے بجائے جگر میں حمل ٹھہر گیا ہے جو آہستہ آہستہ پروان چڑھ رہا ہے۔


خاتون کی جان بچانے کے لیے فوری آپریشن کیا گیا، جس میں جگر سے چپکے ہوئے ناپختہ جنین (فیٹس) کے ساتھ ان کا رحمِ مادر بھی نکالنا پڑا۔
اب وہ خاتون زندہ اور صحت مند ضرور ہیں لیکن ماں بننے کے قابل نہیں رہی ہیں۔
خیال رہے کہ بہت کم واقعات میں ایسا بھی ہوجاتا ہے کہ حمل ٹھہرنے کے بعد ناپختہ جنین رحمِ مادر سے باہر نکل جاتا ہے۔ 1999 سے اب تک ایسے 35 واقعات ریکارڈ پر آچکے ہیں۔
ان میں سے بھی بہت کم واقعات کا تعلق جگر تک ناپختہ جنین کے پہنچ جانے سے ہے۔
2012 میں ایسے دو واقعات رپورٹ کیے گئے جن میں سے ایک کا تعلق چین اور دوسرے کا بھارت سے تھا۔ چینی خاتون کی جان بچا لی گئی لیکن بھارتی خاتون بہت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ہلاک ہوگئی۔ یہ تیسرا واقعہ ہے جو منظرِعام پر آیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔