سرد موسم کے صحت پر پڑنے والے مثبت اثرات

کراچی: عام طور پر سرد موسم میں نزلہ، زکام، کھانسی ایسی کیفیات سے واسطہ پڑتا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی سردی کے کچھ صحت بخش فوائد بھی ہیں جو کچھ یوں ہیں۔
سرد ہوا نظام تنفس (respiratory system) کے لیے ضروری ہے۔ یہ پھیپھڑوں کو صاف کرنے اور بلغم سے چھٹکارا حاصل کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔ جب ہم ٹھنڈی ہوا میں سانس لیتے ہیں تو یہ ہمارے پھیپھڑوں میں اضطراری ردعمل کا سبب بنتا ہے جو بلغم کو صاف کرنے میں مدد کرتا ہے۔
سردیوں کے دوران دفاعی خلیوں (white blood cells) کی بڑھتی ہوئی مانگ کے نتیجے میں جسم میں سفید خلیات پیدا کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے، جس سے انفیکشن اور بیماری کے خلاف دفاعی نظام اور مضبوط ہوجاتا ہے۔
جسم میں ضرورت سے زیادہ کیلوریز صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ سرد موسم کیلوریز جلانے میں مدد کرتا ہے۔ سرد موسم جسمانی سرگرمی کو تھوڑا مشکل اسی لیے بناتا ہے تاکہ کیلوریز کی مقدار میں حتیٰ الامکان توازن برقرار رکھا جائے اور ضرورت سے زیادہ اسے بڑھنے نہ دیا جائے۔
سردیوں میں لوگوں کو دوسرے موسموں کے مقابلے میں زیادہ نیند آتی ہے۔ اس سے جسم کو خود بخود جسمانی اور ذہنی تناؤ میں کمی لانے کے لیے زیادہ وقت مل جاتا ہے۔
چونکہ سردیوں میں درجہ حرارت گر جاتا ہے، اسی لیے زیادہ تر گردو غبار اور الرجنز زمین کی سطح پر ہی رہتے ہیں، جس سے الرجی جیسی بیماریاں کم ہوجاتی ہیں۔ اس موسم میں کیڑوں کی تعداد میں بھی کمی دیکھی جاتی ہے۔ لہذا جب آپ سردیوں میں چہل قدمی کے لیے گھر سے باہر نکلتے ہیں تو آپ تازہ ہوا میں سانس لے رہے ہوتے اور خود کو بہت زیادہ پُرسکون محسوس کررہے ہوتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔