ٹک ٹاکر عائشہ نے اپنی مرضی سے قابل اعتراض ویڈیوز بنوائیں: پولیس

لاہور: مینار پاکستان واقعہ کے سلسلے میں ٹک ٹاکر عائشہ کے گرد گھیرا تنگ ہوگیا، پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹک ٹاکر عائشہ اکرم نے اپنی مرضی سے قابل اعتراض ویڈیوز بنوائیں، پیکا ایکٹ کے تحت ریمبو اور عائشہ کو 7 سال سزا ہوسکتی ہے۔
ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے گرد بھی گھیرا تنگ ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عائشہ اکرم نے اپنی مرضی سے قابل اعتراض ویڈیوز بنوائیں جس پر عائشہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مرضی سے اخلاق سوز ویڈیوز بنوانا اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنا جرم ہے، پیکا ایکٹ کے تحت ریمبو اور عائشہ کو 7 سال سزا ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ مینار پاکستان کے دست درازی کیس میں اس سے قبل بھی عائشہ اور اس کے ساتھی ریمبو کی آڈیو لیک ہوئی تھی، جس میں دونوں کے مابین جیل میں شناخت ہونے والے ملزمان سے رقم لینے کی گفتگو سامنے آئی ہے۔
ٹیلی فون کال میں ریمبو نے عائشہ سے سوال کیا کہ مجرم 6 ہیں یا 7۔ اس پر جواب دیتے ہوئے عائشہ نے کہا کہ 6 مجرم ہیں۔ جس پر ریمبو نے کہا کہ فی مجرم کتنے پیسے لیے جائیں زیادہ ترغریب ہیں۔ اس پر عائشہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مشکل سے انہوں نے پانچ پانچ لاکھ کرنا ہے۔
دوسری جانب ریمبو کی عائشہ کو بلیک میل کرنے کی آڈیو بھی اس کے موبائل سے برآمد کرلی گئی تھی، ریمبو نے عائشہ کو تمام ویڈیوز شیئر کرنے کی دھمکی دی۔ اس کا کہنا تھا کہ میں خود بھی مروں گا اور آپ کو بھی ماروں گا۔ آڈیو سامنے آنے کے بعد جب زیر حراست ملزم ریمبو سے پولیس نے تفتیش کی تو ریمبو نے اس آڈیو کے سچ ہونے کا اعتراف کرلیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔