9 مئی کو شرپسندوں نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا، ثبوت موجود ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو شرپسندوں نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا۔
ترک میڈیا کو انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ریاست کے خلاف سنگین اقدامات کی منصوبہ بندی کے شواہد موجود ہیں۔ مئی 9 کو شرپسندوں نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا۔ شرپسند عناصر اور قومی تشخص کو تباہ کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین کرپشن کے الزامات ہیں۔ گزشتہ حکومت نے 4 سال میں اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا، اس کے باوجود کسی نے سرکاری اداروں پر حملہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے پانے کی توقع ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے تقاضے اور شرائط پوری کردی ہیں اور اس سلسلے میں ٹھوس پیش رفت کی توقع ہے۔ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی اہم چیلنجز کا سامنا تھا۔ پچھلی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور آئی ایم ایف پروگرام کی خلاف ورزی کے باعث ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام بہادر ہیں۔ ماضی میں بھی مشکلات کا سامنا کرچکے اور اب بھی اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے، مجھے اس میں کوئی شک نہیں۔