FATF، گرے لسٹ سے نکلنے کی راہ ہموار ہونا نیک شگون ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: ایف اے ٹی ایف کی وائٹ لسٹ میں پاکستان کی واپسی کی راہ ہموار ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارک باد دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ اکتوبر میں فیٹف ٹیم کے دورے کے بعد پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکل جائے گا، ٹیم پاکستان کو مبارک ہو جس نے پاکستان کے لیے کامیاب کاوش کی۔
انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے کی کاوش کرنے والی سول اور ملٹری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وزیر خارجہ بلاول بھٹو کو بھی مبارک باد، جن کی قیادت میں ٹیم کو یہ اہم کامیابی ملی جب کہ عسکری قیادت کو فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے کے عمل پر مبارک دیتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے قائم کردہ ‘کور سیل’ نے پاکستان کی اہم کامیابی میں کلیدی کرداراداکیا، گرے لسٹ سے پاکستان کا نکلنا نیک شگون ہے اور اس سے پاکستان کو مزید کامیابیاں ملیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے کی کوشش کے لیے اسی ٹیم ورک اور جذبے سے معیشت کی بحالی کے لیے بھی کام جاری ہے، قوم کو مایوسی اور معاشی ابتری سے نکال کر تعمیر، ترقی اور خوشحالی کی طرف واپس لائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔