اگر نواز کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دینی چاہئیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی ختم کرانے کے لیے راستے نکالے جارہے ہیں، اگر نواز شریف کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دینی چاہئیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں بیرسٹر سیف نے بلدیاتی الیکشن میں ووٹ حاصل کرنے سے متعلق اعدادوشمار سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ویلیج کونسل کے نتائج میں بہتری کی امید ہے، تحریک انصاف کے پی کے میں ووٹوں کے تناسب سے مقبول اور بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا کے پی الیکشن سے متعلق خوشیاں منانا حیران کن ہے، کے پی میں تحریک انصاف کو ووٹ زیادہ پڑا ہے لہٰذا اس کو اجاگر کیا جائے، تحریک انصاف کا ووٹر اور عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سزا ختم ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں ہورہی ہیں، یہ کیسے ممکن ہے کہ سزا یافتہ شخص کی سزا ختم ہوجائے، نواز شریف نے عوام کا پیسہ لوٹا اور باہر منتقل کیا، پاناما میں نواز شریف کا نام آیا اور عدالت نے ڈس کوالیفائی کیا، ایک مجرم کی سزا ختم کر کے کیسے چوتھی بار وزیراعظم بنایا جاسکتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی ختم کرانے کے لیے راستے نکالے جارہے ہیں، اگر نواز شریف کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دینی چاہئیں، چھوٹے کیسز میں ملوث لوگ جیلوں میں ہیں اور بڑے چوروں کے لیے راستے نکالے جانے کی باتیں ہورہی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔