ملک کو کورونا سے نکالا، اب مہنگائی سے نکالیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حیران ہوں اپوزیشن ای وی ایم کی مخالف کیوں ہے، حالانکہ جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے کوئی جھوٹ نہیں بول سکتا، آنے والے دنوں میں عوام کے لیے بڑا پیکیج لارہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے، آج کے دور میں ہر چیز میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ گیا ہے اور ٹیکنالوجی کی وجہ سے کوئی جھوٹ نہیں بول سکتا، حیران ہوں کہ الیکشن کے معاملے میں اپوزیشن جدید ٹیکنالوجی (الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال) کی مخالفت کررہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا سیلاب باہر سے آرہا ہے، پوری دنیا میں مہنگائی کی لہر آئی ہے، کورونا میں ملک کی معیشت کو بچانے والا پاکستان واحد ملک تھا، ہمارے دور میں ملک سے غربت کم ہوئی، حکومت نے مشکل حالات میں مشکل فیصلے کیے، ہم نے ملک کو کورونا سے نکالا اب مہنگائی سے نکالیں گے، آنے والے دنوں میں بہت بڑا پیکیج لارہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ (ن) پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو پر اربوں لگانے سے ملک ترقی نہیں کرتے، حکومت میں آئے تو تاریخی خسارہ ملا، موجودہ حکومت نے سب سے بڑا تجارتی قرضہ واپس کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگلے 10 برس میں مزید 10 ڈیم بنائیں گے، بڑھتی آبادی کے پیش نظر ہمیں زیادہ خوراک کا بندوبست کرنا ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔