افغان امن کی خاطر پاکستان، امریکا کو طالبان کیساتھ مل کر کام کرنا ہوگا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکا اور پاکستان کو مل کر افغانستان میں امن کے قیام کے لیے طالبان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔
غیر ملکی جریدے نیوز ویک کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں بنیادی انسانی سہولتوں کا فقدان ہے، امریکا اور پاکستان کو مل کر افغانستان میں امن کے قیام کے لیے طالبان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد امریکا کی افغانستان میں ساکھ کو سخت نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، طالبان امن کے لیے امریکا کے شراکت دار ہوسکتے ہیں، افغانستان میں استحکام اور انسانی بحران کے خاتمے کے لیے مدد دینا ہوگی، امریکا انسانی بحران سے بچنے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے، پاکستان اور امریکا دونوں افغانستان سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، افغانستان میں دہشت گرد گروپس کو غیر موثر کرنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن کے لیےامریکا اورعلاقے کی تمام طاقتوں کا تعاون ضروری ہے، امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں عبوری دور مشکل ہے، پورے افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد امن کی امید ہے، طالبان نے سی پیک منصوبوں کا خیرمقدم بھی کیا ہے، تجارت اور ترقیاتی منصوبوں کے امکانات پیدا ہوں گے، سابق حکومتوں کی ناکامیوں سے افغانستان بحران کا شکار ہے جس کی بحالی کے لیے فوری کام کرنا ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔