آئندہ ہفتے دورۂ چین، غربت خاتمے کیلیے چینی تجربات سے استفادہ چاہتے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے چینی اصول سے رہنمائی لینا اور چینی ترقیاتی ماڈل کی تقلید کرنا چاہتے ہیں۔
چینی میڈیا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان کی مدد کرے اور انسانی بحران سے بچانے میں تعاون کرے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں، عالمی برادری بھارتی فورسز کے مظالم پر خاموشی توڑے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چین نے 40 سال محنت کی اور اپنی معیشت کو ترقی دے کر لوگوں کو غربت سے نکالا، میرا بھی بنیادی مقصد لوگوں کو غربت سے نکالنا ہے، میں پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے چینی اصول سے رہنمائی لینا اور چینی ترقیاتی ماڈل کی تقلید کرنا چاہتا ہوں کیونکہ اس ماڈل کے ذریعے چین نے اجتماعی طور پر سبھی کو ترقی میں حصہ دار بنایا، تمام ملک جو پائیدار ترقی چاہتے ہیں وہ چین کے ماڈل سے سیکھ سکتے ہیں، چین میں ہر شعبے نے ترقی کی، ہم وہی ماڈل اپنانا چاہتے ہیں، دورہ چین ہمیشہ خوشی کا باعث رہا ہے، آئندہ ہفتے چین کا دورہ کررہا ہوں، غربت کے خاتمے کے لیے ہم چین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں معیشت کو بہتر کرنے کےلیے مزیداقدامات کرنے ہوں گے، بدقسمتی سے معیشت پر ماضی میں توجہ نہیں دی گئی، پاکستان چاہتاہے اپنی پیداوار بڑھائے اور زراعت کوبہتر کرے ، زراعت اور لائیواسٹاک کے شعبے میں چین سے معاونت کے خواہاں ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ کورونا سے کھیل کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، خواہش ہے چینی کھلاڑیوں کوکرکٹ سکھائیں، خیبرپختونخوا میں گلگت سمیت دیگر علاقے کھیل کے لیے بہترین ہیں، خنجراب پاس کے قریب پاکستان اور چین میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے خواہاں ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔