ہمارا دامن صاف، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنا حساب دیں: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں۔
وزیراعظم کی سربراہی میں پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں فارن فنڈنگ، سینیٹ الیکشن اور قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے 40 ہزار سے زائد ڈونرز کی تفصیلات جمع کروا دی ہیں، فارن فنڈنگ میں دوسری جانب سے کسی ڈونر کی تفصیلات جمع نہیں کرائی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ میں ہمارا دامن صاف ہے، کوئی غیرملکی فنڈنگ حاصل نہیں کی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتیں اب الیکشن کمیشن کو اپنا حساب دیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف سیاست میں پیسا لائے اور اسامہ بن لادن سے پیسے لیے، قبضہ مافیا کے ذریعے نواز شریف نے اپنی اے ٹی ایم بنائی، کھوکھر برادران ن لیگ کے اے ٹی ایم ہیں۔ انہوں نے لاہور میں قبضہ مافیا کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات شفاف بنانے کے لیے ترمیم کررہے ہیں، اپوزیشن ترمیم کی مخالفت کرکے خود کو بے نقاب کررہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، ہمیں ان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے اپنے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دینے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔