ہم نے ملکی تاریخ کے ریکارڈ قرضے واپس کیے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہم نے ملکی تاریخ کے ریکارڈ قرضے واپس کیے اور مجموعی طور پر 6 ہزار ارب روپے قرض کی قسطوں کی مد میں دیے ہیں۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد سب سے بڑا مسئلہ مالی خسارہ تھا، جس کا سب سے زیادہ اثر ملک کی کرنسی پر ہوتا ہے، کرنسی گرتی ہے تو سب سے زیادہ بوجھ غریب پر پڑتا ہے، غریب عوام اور تنخواہ دار طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے، ہم نے پاکستان کی تاریخ کے ریکارڈ قرضے واپس کیے، ڈھائی سال میں 20 ارب ڈالر واپس کرچکے، یعنی اب تک 6 ہزار ارب روپے قرضوں کی قسطوں کی مد میں دے چکے، آج تک کسی حکومت نے اتنے قرضے واپس نہیں کیے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر اقدامات سے اب ہمارے ایکسپورٹ میں اضافہ ہورہا ہے، کورونا کے دور میں بھی ہماری برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جب تک روپیہ مضبوط نہیں ہوگا، معیشت مضبوط نہیں ہوگی، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا بڑا اثاثہ ہیں، شوکت خانم کے لیے جب فنڈز اکٹھے کیے تو سب سے زیادہ اوورسیز پاکستانیوں نے حصہ لیا، سارے معاشی اشاریے مثبت ہوگئے ہیں، ملک کی معیشت آج مثبت سمت میں جارہی ہے، ٹیکسٹائل کی صنعت بحال ہوئی ہے لوگ نئی فیکٹریاں لگارہے ہیں، روپے کو مستحکم رکھنے کے لیے بھی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال سمندر پار پاکستانیوں کو آسان سرمایہ کاری کی سہولت دینے کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے انہیں ملک میں سرمایہ کاری کرنے کا کہا تھا۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں بیرون ملک پاکستانیوں نے غیر معمولی دلچسپی لی ہے اور دنیا کے 97 ملکوں میں اب تک 87 ہزار 833 اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں، جن کے ذریعے 50 کروڑ ڈالر وطن بھجوائے گئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔