عوام پر پھر پٹرول بم گرادیا گیا، پٹرولیم مصنوعات 20 روپے مہنگی
اسلام آباد: عوام پر ایک بار پھر پٹرول بم گراتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں لگ بھگ 20 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کردیا گیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھائی گئی قیمتوں کا اعلان کیا۔
اسحاق ڈار کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل 19 روپے 90 پیسے مہنگا کیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 273 روپے 40 پیسے ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے ہوگئی ہے۔
اس حوالے سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر نافذالعمل ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اوگرا کے ساتھ تیل کی قیمتوں کے بارے میں مشاورت ہوئی، لہٰذا ملکی مفاد سامنے رکھتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے، البتہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ عوام کے لیے جو بہتر ہوسکتا ہے وہ کرنا چاہیے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہیں اور سب کو پتا ہے کہ اسٹینڈ بائی معاہدہ ہوا ہے، ماضی میں بھی یہی مسئلہ ہوا کہ حکومت نے جاتے ہوئے معاہدوں کو پورا نہ کیا، اس لیے ہماری آئی ایم ایف کے ساتھ پٹرولیم لیوی سے متعلق کمٹمنٹ ہے۔