شہدا مخالف بیان پر فضل الرحمان کیخلاف درخواست دائر، عدالت طلب
لاہور/ گوجرانوالا: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف فوج سے متعلق بیان پر اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی گئی، گوجرانوالا کے ایڈیشنل سیشن جج نے مولانا فضل الرحمان کو طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق درخواست گزار منظور قادر بھنڈر نے موقف اختیار کیا ہے کہ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں شہداء کا مذاق اڑایا، مولانا فضل الرحمن نے پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
درخواست پر گوجرانوالا کے ایڈیشنل سیشن جج فیصل جمیل نے مولانا فضل الرحمان کو 28 جولائی کو عدالت طلب کرلیا۔
دوسری جانب سیشن عدالت لاہور میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے ڈائریکٹر این سی سی آئی اے سے جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی، ایڈیشنل سیشن جج ملک لطیف نے سماعت کی، درخواست گزار شہری محمد وقار کے وکیل مدثر چوہدری اور علی شان مناواں نے دلائل دیے۔
شہری نے موقف اپنایا کہ سوشل میڈیا پر شہدا کے خلاف مولانا فضل الرحمان کی تقریر دیکھی، مولانا فضل الرحمان کی تقریر سے میرے اور عوام کے جذبات مجروح ہوئے۔
مؤقف اپنایا گیا کہ مولانا فضل الرحمان نے ایک جلسے میں شہداء کے خلاف ہرزہ سرائی کی، مولانا فضل الرحمان نے بیان دے کر شہدا کے ورثا کا دل دُکھایا، عدالت مولانا فضل الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔