سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل 33 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان

راولپنڈی: کرکٹ بورڈ کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ برائے سال 23-2022 کا اعلان کردیا گیا، جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
پی سی بی نے ریڈ اور وائٹ بال دونوں کی مختلف کیٹگریز میں مجموعی طور پر 33 کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔ گزشتہ سیزن میں پی سی بی نے 20 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا تھا۔
تینوں کرکٹ فارمیٹ میں کپتان بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، امام الحق اور حسن علی کو ریڈ اور وائٹ بال دونوں طرز کی کرکٹ کے کنٹریکٹ عطا کیے گئے ہیں۔
ان کے علاوہ 10 کھلاڑیوں کو صرف ریڈ بال کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے، ان کھلاڑیوں میں اظہر علی کو اے کیٹگری جب کہ فواد عالم کو بی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ عبد اللہ شفیق، نعمان علی اور نسیم شاہ کو ریڈ بال کی سی کیٹگری جب کہ سرفراز احمد، شان مسعود، یاسر شاہ، عابد علی اور سعود شکیل کو ڈی کیٹگری شامل کیا گیا ہے۔
اسی طرح 11 کھلاڑیوں کو صرف وائٹ بال کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں فخر زمان اور شاداب خان کو اے کیٹگری جب کہ حارث رؤف کو بی کیٹگری اور محمد نواز کو وائٹ بال کنٹریکٹ کی سی کیٹگری جب کہ شاہ نواز ڈاہانی، عثمان قادر، حیدر علی، آصف علی، خوشدل شاہ، زاہد محمود اور محمد وسیم جونیئر کو بھی اس طرز کی کرکٹ کے کنٹریکٹ کی ڈی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 7 کھلاڑیوں کو ایمرجنگ کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔ علی عثمان، حسیب اللہ، کامران غلام، قاسم اکرم، محمد حارث، محمد حریرہ اور سلمان علی آغا اس کیٹگری کا حصہ ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔